نیو دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے دی. جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 326 رنز پر ڈھیر ہو گئی.

تفصیلات کے مطابق، سری لنکا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر کوئنٹن ڈی کاک اور ٹمبا نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن کپتان ٹمبا صرف 8 رنز پر ال بی ڈبلیو ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز ریسی وین ڈوسن نے ڈی کوک کے ساتھ مل کر بہترین پارٹنر شپ قائم کی۔ ڈی کوک نے 100 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، ریسی وین ڈوسن 108 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 54 گیندوں پر 106 رنز بنائے، ہینری کلاسن 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، اور ڈیوڈ ملر 39 سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے.

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے کوشل مینڈس نے 76، چارٹھ آسالانکا نے 79، اور دوشن شنا کانے 68 سکور بنائے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی سری لنکن بلے باز قابل ذکر کھیل پیش نہ کر سکا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے گیرالڈ کوزی 3 جبکہ کیشو مہاراج، ربادا، اور جینسن دو، دو وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔